نیویارک، 15/دسمبر (آئی این ایس انڈیا)امریکہ میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں جب کہ حکام اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ جنوری کے اختتام تک مزید ایک لاکھ امریکی اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار سکتے ہیں۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق منگل تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ 479 سے بڑھ گئی ہے۔
امریکہ میں کرونا کیسز کے سبب اموات کی تعداد اُسی روز تین لاکھ سے اوپر گئی ہے جس دن ملک میں کرونا ویکسین لگانے کا آغاز کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ ماہ 'تھینکس گیونگ' تہوار کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگوں کی آمدورفت کی وجہ سے وائرس تیزی سے پھیلا۔
ان تعطیلات کے دوران لاکھوں امریکی شہریوں نے سفر نہ کرنے کا انتباہ نظرانداز کرتے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں ملک بھر میں سفر کیا تھا۔
جانز ہاپکنز کرونا ریسورس سینٹر کے مطابق دنیا بھر میں کرونا سے مرنے والے ہر پانچ افراد میں ایک امریکی شہری ہے۔
امریکہ میں وبا کے آغاز کے پہلے چار ماہ میں ایک لاکھ افراد ہلاک ہوئے تھے تاہم حکام خدشہ طاہر کر رہے ہیں کہ جنوری کے آخر تک امریکہ میں مزید ایک لاکھ افراد اس مہلک وائرس کے باعث جان کی بازی ہار سکتے ہیں۔
امریکہ کے علاوہ دنیا کے کئی ملکوں میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جب کہ کئی یورپی ملک کرسمس سے قبل پابندیاں مزید سخت کر رہے ہیں۔
کچھ ملکوں میں فرنٹ لائن ورکرز بشمول طبی عملے کو کرونا ویکسین لگانے کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
جرمنی، اٹلی، فرانس سمیت ایشیا کے کئی ملکوں میں بھی وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کر رہی ہے۔ جرمنی کی چانسلر نے 16 دسمبر سے 10 جنوری تک لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے۔